بنگلورو،19؍جولائی(ایس او نیوز)رواں سال ریاست بھر کے ایس ایس ایل سی طلبا ء کے لئے کووڈ کے خطرہ کے درمیا ن سخت پابندیوں کے ساتھ دو روزہ امتحان کا پیر کے روز آغاز ہوگیاہے۔ اس امتحان کے لئے ریاست کے 4885امتحانی مراکز کو پاک و صاف کر کے پوری طرح تیار کردیا گیا ہے۔ ہر ایک مرکز میں کووڈ۔19ضابطہ کی سختی سے پابندی کی جا رہی ہے۔وزیر برائے بنیادی و ثانوی تعلیم سریش کمار نے اتوار کے روز بھی بنگلورو او ر مضافات کے مختلف اسکولوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر امتحان کے لئے کی گئی تیاریوں پرا طمینان ظاہر کیا۔
سریش کمار نے افسروں اور اساتذہ کو ہدایت دی کہ امتحان کے دوران طلباء کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہونے پائے یہ یقینی بنایا جائے۔ امتحان کے دوران سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے پولیس کی طرف سے تمام مراکز کے باہر امتناعی احکامات نافذ کر دئیے گئے ہیں۔شہر کے پولیس کمشنر کمل پنت نے بنگلورو کے تمام امتحانی مراکز سے 100میٹر تک کے فاصلے پر نہ صرف امتناعی احکامات نافد کئے ہیں بلکہ ہر سنٹر پر سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
امتحان کے کمرہ میں طلباء کو صرف ان چیزوں کو لے جانے دیا جائے گا
- امتحان کا ہال ٹکٹ
- بلو بال پین
- ماسک(پہن کر آنا ہو گا)
- سینی ٹائزر
- پانی کی بوتل
امتحان کے دوران طلباء اس بات کا خاص خیال رکھیں
- جوابی پرچے پر مشتمل او ایم آر شیٹ پر طلباء اپنا دستخط ضرور کریں۔
- او ایم آر شیٹ پر صرف بلو بال پائنٹ پین سے ہی لکھا جائے
- جواب کے خانے میں نشان لگانے سے پہلے صحیح جواب یقینی بنالیں۔
- چونکہ غلط جواب دینے پر کوئی نگیٹیو مارکس نہیں ہیں اس لئے تمام صحیح جوابات درج کرنے کے بعد ان سوالو ں کے بھی جواب دیں جن کے بارے میں شبہ ہو۔
- او ایم آر شیٹ پر ضروری تفصیل کے علاوہ کچھ اور نہ لکھا جائے
- جواب کے خانہ میں صرف نشان لگا یا جائے صحیح یا غلط نہ لکھا جائے
- امتحان کے مرکز میں ہال کے اندر یا باہر ماسک پہنے رہنا لازمی ہوگا
- سماجی فاصلہ کی پابندی کرنی ہو گی۔
- امتحان کا وقت ختم ہو تے ہی طلباء کو کمرے خالی کردینے ہوں گے
- امتحان کے دوران طلباء کو ڈجٹل، سمارٹ واچ، موبائل، کیل کولیٹروہائٹنر، ایریزر، بلیڈ،وغیرہ لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ایس ایس ایل سی امتحان کے اعداد و شمار
ایس ایس ایل سی امتحان دینے والے جملہ طلباء کی تعداد۔8,67,508 لڑکے۔ 4,72,609،لڑکیاں:4,03,899،امتحان میں شامل اسکولوں کی جملہ تعداد 14,929ان میں سرکاری اسکولوں کی تعداد5289:،ایڈڈ اسکولوں کی تعداد 3397اور پرائیویٹ ان ایڈڈ اسکولوں کی تعداد6243۔سرکاری اسکولوں سے امتحان لکھنے والے طلباء کی تعداد 3,51,237، ایڈڈ اسکولوں سے 2,36,113بچے امتحان دیں گے اور پرائیویٹ اسکولوں سے 2,89,158طلباء امتحان لکھیں گے۔امتحان کروانے کیلئے 4885مراکز چنے گئے ہیں۔ 176پرائیویٹ امتحانی مراکز ہوں گے 2542کلسٹر اور 2167نان کلسٹر سنٹر ہوں گے۔ امتحان کیلئے 73066کمروں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ 80389انوی لجیٹرس کو مقرر کیا گیا ہے۔ احتیاط کے طور پر 9770آشا کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے۔ امتحان کے پور ے عمل کی نگرانی کے لئے 1,19,469افراد پر مشتمل عملہ تعینات رہے گا۔